منڈیا 30اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) کرناٹک اسمبلی انتخابات میں 12 دن باقی ہیں، لیکن بی جے پی کے وزیر اعلیٰ کے عہدے کے امیدوار یدی یورپا نے اپنی حلف برداری کی تاریخ بھی طے کر لی ہے۔ 75 سال کے یدی یورپا کو یقین ہے کہ نریندر مودی کے آشیروادسے بی جے پی اقتدار میں آئے گی اور وہ 17 یا 18 کو وزیر اعلیٰ کے عہدہ کا حلف لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حلف برداری کی تاریخ مودی کے پروگرام کے مطابق طے کی جائے گی۔ اگرچہ دونوں ہی دن اچھے ہیں۔ یدی یورپا نے پیر کو منڈیا میں انتخابی مہم کے دوران نجی ٹی NDTV سے گفتگو کے دران یہ بات کہی ہے ۔ سابق وزیر اعلیٰ یدی یورپا کا یہ بیان اس وقت آیا ہے جب کرناٹک میں معلق اسمبلی کے اندازے لگائے جا رہے ہیں۔ زیادہ تر ایگزٹ پول میں نہ تو بی جے پی اور نہ ہی کانگریس کو وہاں اکثریت ملتی ہوئی نظر آرہی ہے ۔ وہیں تمام ایگزٹ پول کے اعداد و شمار کو لے کر بنائے گئے الیکشن آف پولز کے مطابق 224 رکنی اسمبلی میں 86 نشستیں بی جے پی کو اور 94 سیٹیں کانگریس کو ملتی نظر آرہی ہیں۔ وہاں سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوگوڑا کی پار ٹی کنگ میکر کے کردار میں نظر آئے گی۔سابق وزیر اعلی یدی یورپا کو اگرچہ اس وقت بھی یقین ہے کہ بی جے پی کو حکومت بنانے کے لئے جے ڈی ایس کی مدد کی ضرورت نہیں ہوگی۔ یدی یورپا نے کہا کہ مودی لہر پر سوار ان کی پارٹی ریاست میں مکمل اکثریت کے ساتھ اگلی حکومت بنائے گی۔ یدی یورپا نے اس بات سے انکار کر دیا کہ انتخابات کے بعد جے ڈی ایس کے ساتھ اتحاد کیا جائے گا ۔ بی جے پی سے الگ ہونے کے بعد کرناٹک جنتا پکھش (کے جے پی )کی قیادت کے دوران لنگایت کمیونٹی کے لئے مذہبی طور پر اقلیتی کی مانگ کی حمایت کرنے والے اسی برادری سے آنے والے یدی یورپا نے کہا کہ یہ مسئلہ بی جے پی کی انتخابی امکانات کو نقصان نہیں پہنچائے گا، بلکہ یہ حکمراں کانگریس پر ’جوابی وار‘ کرے گا ۔ ریاستی بی جے پی کے سربراہ نے کہا کہ بی جے پی 12 مئی کو مجوزہ اسمبلی انتخابات میں 150 نشستیں جیتنے کے مشن کو پورا کرنے کے لئے متحدہ قوت کے طور پر تشہیر کر رہی ہے۔ یدی یورپا نے کہا کہ لنگایت کا مسئلہ ہمیں متاثر نہیں کرے گا؛بلکہ یہ کانگریس پر جوابی حملہ کرے گا۔ سدارمیا حکومت نے حالیہ دنوں مرکز کو لنگایت اور اس کی ذیلی برادر ی ویرشیو لنگایت کو مذہبی اقلیتی کا درجہ دینے کی سفارش کی تھی۔ سمجھا جاتا ہے کہ اس اقدام کا مقصد بی جے پی کے مضبوط ووٹ بینک میں نقب لگانا ہے ۔